صفحۂ اول / پاکستان / چار وفاقی وزراء نے وزیراعظم کو رائے دی تھی کہ کوئٹہ کا دورہ کرنا چاہیے

چار وفاقی وزراء نے وزیراعظم کو رائے دی تھی کہ کوئٹہ کا دورہ کرنا چاہیے

آن لائن، مانیٹرنگ ڈیسک: روزنامہ جنگ میں انصار عباسی کی خبر کے مطابق چار وفاقی وزراء نے وزیراعظم کو رائے دی تھی کہ کوئٹہ کا دورہ کرنا چاہیے۔

خبر کے مطابق چار وزراء نے رائےدیتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم کو احتجاج کرنے والے ہزارہ کمیونٹی کے لوگوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرنا چاہیے تا کہ مقتولین کی تدفین ہو سکے۔

نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر ان وزرا کا کہنا تھا کہ تدفین سے قبل کوئٹہ کا دورہ نہ کرنے کا فیصلہ وزیراعظم کا اپنا فیصلہ ہے۔

ان وزرا کا کہناتھا کہ یہ معاملہ وفاقی کابینہ کے اجلاس میں بھی اٹھایا گیا تھا اور وزرا کی اکثریت نے وزیراعظم عمران خان کو تجویز دی کہ وہ کوئٹہ چلے جائیں۔

ان چار میں سے دو وزرا نے بتایا کہ ابتدائی طور پر وزیر داخلہ شیخ رشید نے وزیراعظم کو مشورہ دیا کہ وہ کچھ دن انتظار کریں۔

تاہم ان وزرا میں سے ایک نے بتایا کہ بعد میں وزارت داخلہ کی طرف سے بھی وزیراعظم کو مشورہ دیا گیا کہ وہ احتجاج کرنے والے ہزارہ کمیونٹی کے لوگوں سے جا کر ملاقات کر لیں۔

ایک اور وزیر کا کہنا تھا کہ کچھ معاملات میں جب وزیراعظم اپنی رائے قائم کر لیتے ہیں تو وہ اپنا فیصلہ تبدیل نہیں کرتے۔

ایک وزیر کا کہنا تھا کہ بدقسمتی سے اس معاملے میں وزیراعظم  نے فیصلہ کرلیا ہے کہ وہ مقتولین کی تدفین سے قبل کوئٹہ نہیں جائیں گے۔

چار وفاقی وزرا میں سے ایک نے تصدیق کی کہ علی زیدی نے کابینہ کے اجلاس میں وزیراعظم عمران خان کے کوئٹہ جا کر ہزارہ کمیونٹی والوں سے ملاقات کرنے کی رائے کی حمایت کی تھی۔