صفحۂ اول / پاکستان / آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اہم دورے پر افغانستان پہنچ گئے
Urdu Latest Update

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اہم دورے پر افغانستان پہنچ گئے

آن لائن: سربراہ پاک فوج جنرل قمر جاوید باجوہ افغانستان پہنچ گئے جہاں وہ افغان حکام کے ساتھ ملاقاتیں کریں گے۔

نجی ٹی وی ہم نیوز کی رپورٹ کے مطابق افغان میڈیا نے صرف اتنی خبر دی ہے کہ جنرل قمر جاوید باجوہ وہاں افغان حکام کے ساتھ ملاقاتیں کریں گے۔

رائٹرز نے اپنے ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے افغان صدر اشرف غنی سے ملاقات کی ہے۔

تاہم اس حوالے سے کوئی خبر نہیں دی گئی کہ دونوں کے درمیان کس بات پر تبادلہ خیال ہوا۔

قبل ازیں برطانیہ کے چیف آف ڈیفنس اسٹاف جنرل نکولس پیٹرک کارٹر نے افغان امن عمل میں پاکستان کے کردار کی تعریف کرتے ہوئے خطے کے اندر امن و استحکام کیلئے پاکستان کی کوششوں کو سراہا ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے برطانیہ کے چیف آف ڈیفنس اسٹاف جنرل نکولس پیٹرک کارٹر نے ملاقات کی۔

دونوں رہنماؤں کے درمیان ہوئی ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور علاقائی سیکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق دونوں رہنماؤں نے ملاقات میں افغان امن عمل کے حوالے سے خصوصی بات چیت کی اور باہمی دفاعی تعاون میں اضافے پر تبادلہ خیال کیا۔

سربراہ پاک فوج جنرل قمر جاوید باجوہ نے جنرل نکولس پیٹرک کارٹر سے شہزادہ فلپ کی وفات پر تعزیت کی اور کہا کہ شہزادہ فلپ کی وفات سے دنیا ایک بہترین دوست سے محروم ہوگئی۔

برطانوی چیف آف ڈیفنس اسٹاف نے خطے کے اندر امن و استحکام کیلئے پاکستان کی کوششوں کو سراہتے ہوئے افغان امن عمل میں پاکستان کے کردار کی تعریف کی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے کورونا وبا کے خلاف جنگ میں امداد پر برطانیہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے  کہاکہ پاکستان برطانیہ کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے۔‎